اسلام آباد(آئی این پی ) شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی مسلسل 10 سماعتوں کے بعد جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا پر جرح مکمل ہوگئی۔ بدھ کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی ۔ریفرنس میں نامزد ملزمان سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر)صفدر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے مسلسل دسویں روز نیب کے گواہ واجد ضیا سے سوالات پوچھے اور اپنی جرح مکمل کی۔خواجہ حارث نے واجد ضیا پر جرح کے دوران قطری خط، لندن فلیٹس، گلف اسٹیل ملز اور نواز شریف کے اقامے سے متعلق مختلف نوعیت کے سوالات پوچھے۔جرح کے دوران کئی بار خواجہ حارث اور نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی اور واجد ضیا کو سخت سوالات کا بھی سامنا رہا۔۔اس سے قبل واجد ضیا نے مسلسل چھ سماعتوں کے دوران اپنا بیان قلمبند کرایا تھا۔