اسلام آباد(آئی این پی)امریکہ پاکستان کے سفارتی عملہ پر نئی پابندیاں عائد کرنے لگا ہے، جس کے مطابق پاکستانی سفارتی عملہ سفارتخانہ کی 40کلومیڑ کی حدود میں رہنے کا پابند ہوگا، اور 40کلومیٹر کی حدود سے باہر جانے کیلئے عملے کو اجازت درکار ہوگی۔ منگل کو ذرائع کے مطابق امریکہ پاکستان پر نئی سفارتی حدود و قیود عائد کرنے پر غور کررہا ہے، ان پابندیوں کا اطلاق سفارتی عملے پر ہوگا اور یہ یکم مئی سے نافذ کئے جانے کا امکان ہے، ان پابندیوں کے مطابق پاکستانی عملہ سفارتخانہ کے 40کلو میڑ کی حدود میں گھوم سکتا ہے،
40کلو میٹر سے باہر جانے کیلئے سفارتی عملے کو اجازت درکار ہوگی۔ دوسری جانب پاکستان کی جانب سے امریکی اقدامات کے جواب میں سخت اقدامات اٹھائے جانے کی توقع کی جارہی ہے حال ہی میں اسلام آباد میں امریکی سفارتکار کی جانب سے نوجوان کو کچلے جانے کامعاملہ بھی ابھی ختم نہیں ہوا اور پاکستان نے امریکی اہلکار کے پاکستان سے باہر جانے پر پابندیاں عائد کررکھی ہیں، بعض مبصرین کا دعویٰ ہے کہ امریکہ کا مقصد پاکستان کو اس سلسلے میں پریشرائز کرنا بھی ہوسکتاہے اس کے علاوہ افغانستان کے معاملے میں اختلافات بھی ایک بڑی وجہ ہیں۔