اسلام آباد(آن لائن)امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے زخمی نوجوان راحیل کو پولی کلینک ہسپتال کے سرجیکل وارڈ ٹو میں منتقل کردیاگیا ہے،راحیل کی پنڈلی اور ایڑی کی ہڈی ٹوٹی ہوئی ہے جس کے آپریشن کا حتمی فیصلہ آج پیر کے روز ڈاکٹروں کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے زخمی نوجوان راحیل کو پولی کلینک ہسپتال کے سرجیکل وارڈ ٹو میں منتقل کردیاگیا ہے۔
جہاں وہ شعبہ ہڈی جوڑ میں زیر علاج ہے،راحیل کی پنڈلی اور ایڑی کی ہڈی ٹوٹنے کے علاوہ جسم کے مختلف حصوں پر بھی زخم آئے ہیں جبکہ راحیل کے آپریشن کا حتمی فیصلہ آج پیر کے روز ڈاکٹروں کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔زخمی نوجوان راحیل نے اپنے بیان میں امریکی ملٹری اتاشی کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غلطی اسی کی تھی کیونکہ ہمارا اشارہ کھلا تھا جبکہ دوسری جانب بھی تمام گاڑیاں رکی ہوئی تھیں لیکن امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی نے اشارہ توڑتے ہوئے ہمیں کچل دیا جس سے عتیق موقع پر جاں بحق ہوگیا اور مجھے کافی چوٹیں آئیں،اس کے بعد مجھے کوئی ہوش نہ رہا لیکن اتنا یاد ہے کہ غلطی اسی گاڑی کی تھی۔