لاہور(این این آئی) متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ پارٹی کے اندر جو کچھ ہورہا ہے وہ افسوسناک ہے اور اب کوشش ہے کہ مزید دھڑے بازی نہ ہو، جلد کوئی ایسا فارمولا طے کرلیں گے کہ اتحاد قائم رکھ سکیں گے تاہم کارکنوں کی اچھی بات ہے کہ ان میں تقسیم نہیں ہو رہی۔لاہور ائیر پورٹ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم میں ٹوٹ پھوٹ پر دکھ ہوا ۔لیکن
امید ہے کہ جیسے جیسے ہم انتخابات میں جائیں گے پارٹی کے مسائل کم ہوں گے۔حکومت ختم ہونے میں مہینہ رہ گیا اور اگر کوئی پتنگ کٹ بھی جائے تو کوئی فائدہ نہیں۔فاروق ستار نے کہا کہ یہ درست ہے کہ پارٹی میں دھڑے بندی سے نقصان ہوا لیکن اب کوشش ہے کہ مزید دھڑے بندی نہ ہو ،جلد کوئی ایسا فارمولاطے کر لیں گے کہ اتحاد قائم رکھ سکیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پنجاب میں انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے اوراپنے کارکنان میں سے امیدوار ڈھونڈیں گے۔