کراچی (این این آئی)کراچی کے رہائشی انجینئر ملک بشیر احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایسی مشینری ایجاد کی ہے جس کے ذریعہ انجن کے شور اور بڑے فرنس کے دھویں کو 99 فیصد ختم کیا جا سکتا ہے۔ حکومت میری اس مشینری کو بروئے کار لانے پراربوں کا فائدہ حاصل کر سکتی ہے ۔ منگل کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انجینئر ملک بشیر احمد نے کہا کہ میرا آٹوموبائل ٹیکنالوجی اور مکنیکل توانائی پیدا کرنے والے اور اسی قسم کی مشینوں پر کام کرنے کا55سال کا تجربہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ
میری ایجاد کی ہوئی مشینری بروئے کار لانے سے انجنوں کا زیادہ شور ، دھواں ، ملز اور بڑے فرنس کے دھویں کو 99 فیصد ختم کیا جا سکتا ہے ۔ ہوائی جہاز میں ٹربائن اور ہیٹ ہونے پر قابو پا جا سکتا ہے ۔ حکومت میری اس مشینری کو بروئے کار لانے پر اربوں کا فائدہ حاصل کر سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا میں نے اپنی دو ایجادیں رجسٹرڈ کرانے کے لیے رجسٹری آفس کراچی میں جمع کرا دی ہیں ۔ میں حکومت پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ خدارا مجھے ایک موقع ضرور دیا جائے تاکہ میں اپنے 55 سالہ تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کروں ۔