لاہور(این این آئی)لاہور کے علاقہ عسکری الیون میں ایک گھر میں تین کم عمر بچوں کو گلا دبا کر قتل کردیا گیا ،بچوں کی ماں کوچند ماہ قبل شوہر نے طلاق دیدی تھی،بچوں کی شناخت 8سالہ زین العابدین، 6سالہ کنیز فاطمہ اور 4ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے جن کی لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق عسکری الیون کے علاقہ ہیر میں واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو تین کم عمر بچوں کی لاشیں موجود تھیں ۔
ابتدائی تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ تینوں بچوں کو گلا دبا کر جان سے مارا گیا۔ بچوں کی ماں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ مطلقہ ہے اور اس نے قتل کا الزام اپنے دوست پر عائد کیاہے ۔ پولیس کے مطابق ماں ذہنی مریضہ معلوم ہوتی ہے ۔خاتون انیقہ کے ابتدائی بیان کے مطابق اس نے مبینہ قاتل کا پیچھا کیا تو اس کی گاڑی کا ایکسیڈنٹ ہو گیا ۔ مبینہ قاتل حسن مصطفی خاتون کا دوست ہے ۔ پولیس نے انیقہ کے بیان پر حسن مصطفی اور بعد ازاں خاتون کو بھی حراست میں لے لیا ۔