لاہور ( این این آئی) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ ملک کسی صورت بھی کسی غیر آئینی اقدام کا متحمل نہیں ہو سکتا ،چیف جسٹس کا بیان قوم کی ترجمانی ہے ،عدلیہ کاایسا ادارہ بننا چاہیے جو اس کی ترجمانی کرے بعض لوگ از خود ترجمان بنے ہوئے ہیں ،نوازشریف کو سیاست سے مائنس نہیں کیا جا سکتا ۔ایکسپو سنٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا اور انڈسٹری میں نمبر ون شہر ہے ۔
فیصل آباد کے تاجر بہت کمٹڈ ہیں اور یہ نمائش بہترین کاوش ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کسی صورت بھی کسی غیر آئینی اقدام کا متحمل نہیں ہو سکتا ،چیف جسٹس آف پاکستان کی ملک میں جوڈیشل مارشل لاء کی گنجائش نہیں کی بات قوم کی ترجمانی ہے اور آئین سے بالا اقدام برداشت نہیں کیاجائے کی بات کو قوم نے سراہاہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ڈھائی سال میں ایک مقدمہ میں پیش نہ ہوئے مفرور ہوئے گئے تو ان کے ساتھ سپیشل ٹریٹمنٹ ہوئی ۔عمران خان نے خود سے کہانی گھڑی کہ انہیں دس ارب روپے کی آفر کی گئی،عمران خان کے الزامات پر کیسز کاجلد فیصلہ ہونا چاہیے تاکہ الزام تراشی کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے اور عدلیہ کاایسا ادارہ بننا چاہیے جو اس کی ترجمانی کرے بعض لوگ از خود ترجمان بنے ہوئے ہیں ۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ احتساب عدالت میں نوازشریف کو اگر دوہفتے مل جاتے تو وہ اپنی بیوی کی تیمار داری کرلیتے لیکن افسوس ہے انہیں عدالت میں حاضری کی استثنیٰ نہیں دیا گیا ، یہ رویہ سخت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف عوام میں مقبولیت کے ٹاپ لیول پر ہیں ،ملک کو انفرسٹرکچر اور ڈویلپمنٹ کانام نوازشریف کے ساتھ آ جاتا ہے ،نوازشریف کو سیاست سے مائنس نہیں کیا جا سکتا وہ (ن) لیگ کے قائد ہیں ۔