اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اب کمرشل جہازوں کی مرمت کی سہولیات گوادر میں میسر ہوں گی انہیں سنگا پور جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ایک موقر قومی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حکومت نے گوادر میں نئے شپ یارڈ منصوبے کی منظوری دے دی ہے، نئے شپ یارڈ میں بڑے سمندری آئل ٹینکرز بھی تیار کیے جائیں گے اور کمرشل جہازوں کی مرمت بھی کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے منظور کیے گئے اس منصوبے پر 3 سے 5 برس
کے اندر عملدرآمد کیا جائے گا۔ اس شپ یارڈ میں آئل اور گیس ٹینکرز کی مرمت اور بحالی کی سہولت بھی میسر ہو گی۔ اس سلسلے میں پاکستان نیوی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے خود انحصاری میں مدد ملے گی۔ اس منصوبے کے حوالے سے حکومت نے کہا ہے کہ منصوبے سے ملازمت کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک میں معاشی بدحالی ترقی میں بدلے گی، پاکستان نیوی کی ذمہ داریوں میں سی پیک کی بدولت اضافہ ہوا ہے کراچی شپ یارڈ تمام ضروریات پوری نہیں کر سکتا۔