اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی شہید رہنما بینظیر بھٹو کے خلاف توہین عدالت کیس کی درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹادی۔عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ بینظیر بھٹو فوت ہوچکی ہیں جبکہ درخواست گزار سید اقبال حیدر کا بھی انتقال ہوچکا ہے جس پر عدالت نے درخواست کے غیر موثر ہونے پر اسے نمٹا دیا۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے خلاف توہین عدالت کی درخواست 1997 میں سید اقبال حیدر کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔واضح رہے کہ بینظیر بھٹو اپنی خودساختہ جلاوطنی ختم کرنے کے بعد سال 2007 میں واپس آئی تھیں جس کے بعد پہلے ان پر کراچی میں کارساز کے مقام پر حملہ کیا گیا جبکہ دسمبر 2007 میں راولپنڈی میں ایک عوامی جلسے کے بعد ان پر خودکش حملہ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔