راولپنڈی(آئی این پی )مسلم لیگ (ن) کے اہم رہنما سینیٹر چوہدری تنویر اور ان کے بیٹے بیرسٹر دانیال تنویر فوارہ چوک میں مریم نواز کے سوشل میڈیا کنونشن میں شریک نہیں ہوئے اور نہ ہی حامی کارکنوں کو لیکر آئے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سینئر راہنما چوہدری نثار علی خان کے ٹیکسلا سے ایم پی اے عمر فاروق ایک بڑا جلوس لیکر مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا کنونشن میں آئے اور اسٹیج پر بیٹھے رہے۔ اس کے علاوہ خاتون ایم پی اے آسیہ ناصر بھی 300سے زائد خواتین کو لیکر سوشل میڈیا کنونشن میں شریک
ہوئیں۔ مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ 9مارچ کو چوہدری تنویر کی رہائشگاہ پر سوشل میڈیا کنونشن ہوا تھا جس میں دانیال عزیز ،چوہدری جعفر اقبال اور دیگر رہنما شریک ہوئے تھے۔ چوہدری تنویر کے کافی عرصے سے حنیف عباسی سے اختلافات چل رہے ہیں اسی وجہ سے وہ سوشل میڈیا کنونشن میں شریک نہیں ہوئے۔ بعض لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو فوارہ چوک میں سوشل میڈیا کنونشن میں شرکت سے روکنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن مسلم لیگ (ن) کا سوشل میڈیا کنونشن بہت کامیاب رہا۔