اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے فارمولا طے پاگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق بدھ کو ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے رابطہ کاروں کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں پاکستان پیپلز پارٹی تحریک انصاف کی حمایت لانے میں کامیاب ہوگئی ہے اور اس سلسلے میں دونوں پارٹیوں کے درمیان فارمولا بھی طے پاگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے نئے فارمولا کے تحت تحریک انصاف نے پاکستان پیپلزپارٹی
کو اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی سلیم مانڈوی والا کو چیئر مین نامزد کرتی ہے تو تحریک انصاف حمایت کریگی ۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کے مطابق پاکستان تحریک انصاف مسلم لیگ (ن)کا چیئر مین سینٹ بننے سے روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیگی ۔یادر ہے کہ اس سے قبل خبریں آئی تھیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کسی صورت بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حمایت نہیں کرینگے ۔