لاہور( این این آئی)نہال ہاشمی کی نشست پر سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں حکمران جماعت کے 1 1ووٹ مسترداور 2 منسوخ ہونے پر تشویش ظاہر کی گئی ہے اور اس سلسلہ میں اراکین کیلئے دوبارہ بریفنگ کا اہتمام کیا گیا ہے، آج ہفتہ کے روز ووٹنگ سے قبل بھی اراکین اسمبلی کے تشکیل دئیے گئے سات گروپوں کے سربراہ اس حوالے سے آگاہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار ڈاکٹر اسد اشرف نے
کامیابی تو حاصل کی ہے تاہم تکنیکی غلطیوں اور ضابطہ اخلاق کی وجہ سے 11ووٹ مسترد اور2کے منسوخ ہونے پر تشویش ظاہر کی گئی ہے ۔ لیگی اراکین کو کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخاب میں چونکہ مطلوبہ تعداد سے کئی گنا زائد ووٹ تھے اس لئے ضائع ہونے والے ووٹوں کے اثرات سامنے نہیں آئے تاہم ہفتہ کے روز 12نشستوں پر ہونے والے انتخاب میں معمولی سی غلطی بھی ہمیں کامیابی کے لئے طے کئے گئے ہدف سے دور کر سکتی ہے اس لئے اراکین اطمینان سے اور سوچ سمجھ کر طے شدہ طریق کار کے مطابق ووٹ کاسٹ کریں ۔ گروپوںں کے سربراہان نے کہا ہے کہ ایک ایک ووٹ قیمتی ہے ایسی کوئی غلطی نہ کریں جس سے ووٹ ضائع ہونے کا اندیشہ ہو اورآج پولنگ کے آغاز سے قبل بھی اراکین اسمبلی کو دوبارہ طریق کار سے آگاہ کیا جائے گا۔