اسلام آباد(آئی این پی ) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نوازاورکیپٹن(ر)محمد صفدرکے خلاف نیب ریفرنسزکی سماعت کے دوران گواہان نے اپنے بیانات ریکارڈ کرادیئے ۔ جمعہ کو جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اورداماد کیپٹن(ر)محمد صفدرکے خلاف نیب ضمنی ریفرنسز کی سماعت کی ۔
سماعت کے دوران فلیگ شپ ریفرنس میں گواہ عبدالحنان اورالعزیزیہ ریفرنس میں گواہ سنیل اعجاز نے اپنے بیانات ریکارڈ کرادیئے جب کہ دونوں گواہان سے جرح بھی مکمل ہوگئی ہے۔دوران سماعت عبدالحنان نے عدالت کو بتایا کہ میں نے ہل میٹل سے آنے والی رقوم کی تفصیلات نیب کو فراہم کیں، اس سلسلے میں سسٹم جنریٹڈ دستاویزات بھی اس نے خود تیارکیں اورتمام دستاویزات نیب کے تفتیشی افسرکوفراہم کیں۔العزیزیہ ریفرنس میں گواہ سنیل اعجازنے اپنے بیان میں موقف اختیارکیا کہ میں شریف ایجوکیشن کمپلیکس ٹرسٹ برانچ لاہورمیں برانچ منیجر ہوں اور 23 جنوری 2018 کو تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہوا۔ ہل میٹل سے اکا ئو نٹ میں آنے والی رقوم کی دستاویزات سسٹم سے تصدیق کے بعد تفتیشی افسر کو فراہم کیں۔