لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)انسداد دہشتگردی عدالت نے فیصلہ جلدی میں کیا ، بے قصور ہوں، زینب قتل کیس میں سزائے موت پانے والے سیریل کلر عمران نے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق زینب قتل کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت سے سزائے موت پانے والے سیریل کلر عمران نے خود کو بے قصور ظاہر کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ مجرم عمران نے انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں
رٹ دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے قانون کے تقاضے پورے نہیں اور جلد بازی میں میرے خلاف فیصلہ کیا لہٰذا لاہور ہائیکورٹ فیصلے کو کالعدم قرار دے۔ واضح رہے کہ قصور میں ننھی زینب کے ساتھ جنسی درندگی اور اس کے قتل کے مجرم سیریل کلر عمران کو 17فروری کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نے کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کے بعد چار مرتبہ سزائے موت، عمر قید، 7سال قید کے علاوہ مجموعی طور پر 32لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی تھی۔