کراچی (این این آئی) گورنر ہاؤس میں مسلم لیگ فنکشنل اور مسلم لیگ (ن) کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ ن لیگ اور ف لیگ کے اراکین اسمبلی گورنر ہاؤس میں سرجوڑ کر بیٹھ گئے ۔ مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ انتخابات میں سندھ سے امیدوار دستبردار کرانے اور فنکشنل لیگ کی حمایت کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سینیٹ انتخابات کے سلسلے میں گورنر ہاؤس میں بڑی بیٹھک ہوئی۔ ملاقات میں گورنر سندھ محمد زبیر نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں
مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے صوبائی صدر پیر صدر الدین شاہ راشدی نصرت سحر عباسی نند کمار شہریار مہر وریام فقیر سمیت دیگر ارکان اسمبلی موجود تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شاہ محمد شاہ اور ارکان اسمبلی حاجی شفیع جاموٹ ہمایوں خان سورتھ تھیبو شیرازی برادران شریک ہوئے۔ ملاقات میں مسلم لیگی امیدوار بابو سرفراز جتوئی کو فنکشنل لیگ کی حمایت میں دستبردار کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلی ارباب غلام رحیم ملاقات میں شریک نہیں ہوئے۔ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکریٹری شاہ محمد شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ ہم اپنے امیدوار کو فنکشنل لیگ کی حمایت میں دستبردار کرادینگے ۔ ن لیگ کے رہنما آصف خان آزاد امیدوار کے طور پر اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے چکے ہیں۔ شاہ محمد شاہ نے امیدوار دستبردار کرانے کی تصدیق کردی ۔ شاہ محمد شاہ نے بتایا کہ مسلم لیگی قیادت نے فنکشنل لیگ کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔