جیکب آباد(این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ ایم کیوایم والے ذاتی مفادات کی وجہ سے دھڑے بندی کاشکارہیں ،رائوانوارکو سپریم کورٹ میں پیش ہوناچاہیے تھا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے تحصیل گڑھی خیرو کے گائوں محمد پوراوڈھومیں چیئرمین ضلع کونسل سردار محمد پناہ اوڈھو کی جانب سے دیے گئے ناشتے میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ ایم کیوایم والے متحدہوں تاکہ جن لوگوں نے ان کو ووٹ دیاہے ان کی خدمت کرسکیں ،لیکن وہ آپس میں دھڑے بندی کاشکارہوگئے ہیں اورانہیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں ،انہوںنے کہاکہ رائوانوارکو سپریم کورٹ میں پیش ہوناچاہیے تھاکیونکہ ان پرقتل الزام ہے اگروہ بے گناہ ہیں تو سپریم کورٹ میں پیش ہوں ،صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ رائوانوار کی سندھ حکومت کوئی مددنہیں کررہی یہ الزامات جھوٹ پرمبنی ہیں ،انہوںنے کہاکہ سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوںکو جلد مکمل کیاجائے گا ۔