لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے عائشہ گلالئی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ اس کا حقائق سے دور کا بھی تعلق نہیں جبکہ تحریک انصاف نے کہا ہے کہ خواتین کو غیر اخلاقی سیاسی مہم جوئی کیلئے استعمال کرنا(ن) لیگ کا پرانا وطیرہ ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و فاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے عائشہ گلالئی کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے کسی پر تنقید کرنی ہے تو ہمار ے پاس اپنے 190اراکین قومی اسمبلی کے علاوہ سینیٹرزاور بے شمار رہنما ہیں ۔ کیا ہم کسی کو
درخواست کریں گے کہ وہ تنقید کریں اور پھر انہیں سینیٹ کا ٹکٹ آفر کیا جائے گا ، ان باتوں کا حقائق سے دور کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے ۔ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ خواتین کو غیر اخلاقی سیاسی مہم جوئی کے لئے استعمال کرنا (ن) لیگ کا پرانا وطیرہ ہے ۔ پانامہ فیصلے کے بعد (ن) لیگ نے عائشہ گلالئی کا استعمال کیا اورمیرا خیال ہے ان سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے گئے ۔ اسکے بعد ان خواتین کو سبق سیکھنا چاہیے جو مسلم لیگ (ن) کی اس مہم میں استعمال ہوناچاہتی ہیں۔