اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی آئین پر جامع نظرثانی کا فیصلہ کر لیا اس سلسلے عمران خان نے آئینی ماہرین اور سینئر پارٹی رہنماؤں پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی۔چیئرمین تحریک انصاف کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں بابر اعوان، سردار اظہر طارق، عارف علوی، عامر محمود کیانی اور شاہد نسیم گوندل شامل ہوں گے۔ کمیٹی پارٹی آئین کا مفصل جائزہ لے گی اور پارٹی آئین کو بہتر اور جامع بنانے کیلئے سفارشات چیئرمین کو پیش کرے گی۔عمران خان
نے کہا کہ تحریک انصاف صحیح معنوں میں ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے۔ کسی بھی جماعت کی تنظیم و تشکیل کا انحصار اسکے آئینی ڈھانچے پر ہوتا ہے، تحریک انصاف کا آئینی ڈھانچہ پاکستان کی کسی بھی سیاسی جماعت سے بہتر اور جدید ہے مگر اس میں مزید جدت اور جامعیت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں پیشقدمی کے ساتھ جماعت کے اندرونی ڈھانچے کی تعمیر سے غافل نہیں ہوں گے اور آئندہ نسلوں کو بہتر پاکستان کے ساتھ ساتھ بہترین سیاسی جماعت بھی دیں گے۔