لاہور (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نواز شریف کے جلسوں اور لودھراں کے ضمنی انتخاب میں شکست کے بعد پیدا ہونیوالے تاثر کو زائل کرنے کیلئے ملک گیر دورے کرنے کا فیصلہ کر لیا ، پانامہ فیصلے کے بعد نیب ریفرنسز کے ممکنہ فیصلوں کو موضوع بنایا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے نواز شریف کے مختلف مقامات پر کیے جانے والے جلسوں کے بعد انکی بڑھتی ہوئی
مقبولیت کے تاثر اور خصوصاً لودھراں کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار کو واضح مارجن سے شکست کے بعد عوام میں جانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس ضمن میں عمران خان لاہور ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، راولپنڈی ، ملتان ،پشاور ، کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں جائیں گے ۔عمران خان ڈویژنل سطح پر پارٹی ورکرز سے ملاقاتیں اور تقریبات سے خطاب بھی کریں گے اور ان کے ملک گیر دوروں کا آغاز رواں ماہ ہی ہو گا ۔