اسلام آباد (آئی این پی) احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ کے خلاف دائر زائد اثاثہ جات ریفرنس میں ایک اور ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23 فروری تک ملتوی کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہوئی، جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔
اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف ایک ضمنی ریفرنس دائر کرنا ہے، لہذا عدالت اس کی اجازت دے، نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مذکورہ ریفرنس تفتیشی افسرنادر عباس نے تیار کیا ہے۔جس پر احتساب عدالت نے پراسیکیوٹر کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کہ 23 فروری کو نیب ضمنی ریفرنس پر گواہان کے بیانات کے ساتھ ہی نادر عباس کا بیان بھی ریکارڈ کرا دیا جائے گا۔ بعد ازاں کیس کی سماعت تئیس فروری تک ملتوی کردی گئی ہے۔