اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے نگران وزیراعظم کے لیئے عوام سے نام مانگ لئے۔ ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ جو بھی اچھے نام ہیں وہ بتائے جائیں تا کہ ہم مشاورت میں ان پر بھی غور کر سکیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے لیے وزیراعظم کے ساتھ مشاورت ابھی شروع نہیں ہوئی۔ خورشید شاہ نے کہاکہ تین ماہ رہ گئے، نگران وزیراعظم کے لیئے
مشاورتی عمل شروع ہو جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے تا حال کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا تقرر اہم ذمہ داری ہے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے اختیارات آئین میں واضح ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم کو صرف روزمرہ کے امور حکومت چلانا ہوتے ہیں۔ خورشید شاہ نے کہاکہ کوشش ہو گی بہترین نگران وزیراعظم سامنے لایا جائے۔دریں اثناء قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے کہے کے برعکس خود موروثی سیاست پر عمل کیا ٗ عوام نے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنایا ٗآئندہ الیکشن کے بعد سیاست کے نئے راستے کھل جائیں گے۔ این اے 154کے الیکشن پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ لودھراں کی سیٹ پہلی بار ہی تحریک انصاف کو ملی تھی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کا موقف تھا کہ موروثی سیاست ختم ہونی چاہیے ٗمگر عمران نے اپنے کہے کے برعکس خود موروثی سیاست پر عمل کیا۔ انہوں نے کہاکہ شاید عوام نے اسی وجہ سے ری ایکٹ کیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ آئندہ الیکشن کے بعد سیاست کے نئے راستے کھل جائیں گے۔