لاہور ( این این آئی) قصور میں بچوں سے بدفعلی اور ان کی نازیبا ویڈیو بنانے کے اسکینڈل میں ملوث 3 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر 4 میں قصور ویڈیو اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر
3مجرموں حسیم عامر ، وسیم سندھی اور علیم آصف کو عمر قید اور فی کس تین تین لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم جاری کردیا۔ تینوں مجرموں کو تھانہ گنڈا سنگھ میں درج مقدمہ نمبر 219/15 میں سزا سنائی گئی۔قصور ویڈیو اسکینڈل میں ملوث 22 ملزمان کے خلاف 14مقدمات درج ہیں۔ اس سے قبل ایک اور مقدمے میں بھی جرم ثابت ہونے پر حسیم عامر اور فیضان مجید کو پچیس پچیس سال قید کی سزا ہوچکی ہے۔واضح رہے کہ قصور ویڈیو اسکینڈل 2015ی میں سامنے آیا تھا، جب قصور کے گاؤں حسین خان والا میں سینکڑوں بچوں سے بدفعلی کا شور اٹھا اور ویڈیوز بھی سامنے آئیں اور اسی گاوں کے ایک خاندان پر 284لڑکوں سے بد فعلی کا الزام لگا، جس کے بعد وزیراعظم کے حکم پر ڈی آئی جی ابوبکر خدابخش کی سربراہی میں 5رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے واقعے کی تحقیقات کیں۔اس معاملے کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے 20بچوں کے متاثر ہونے کی تصدیق کی ۔ تاہم انسانی حقوق کے ادارے ایچ آر سی پی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اس اسکینڈل میں متاثرہ بچوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔