اسلام آباد (این این آئی)سابق وفاقی سیکر ٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان و چیئرمین نیشنل ڈیمو کریٹک فاؤنڈیشن کنور محمد دلشاد نے عمران خان کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو جس نے بھی سینٹ ٹکٹ کے لئے 40کروڑ کی آفر کی وہ قومی مجرم ہے اور ہارس ٹریڈنگ جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث ہے ایسے افراد کو بے نقاب کرنے کے لئے عمران خان تمام تر تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان کو دیں۔انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریدنگ عروج پر ہے اگر عمران خان ایسے افراد کو جانتے ہیں تو ان کی
تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان کو دینا معاونت ہے جبکہ ایسے افراد کی تفصیلات چھپانا کرپٹ پریکٹس کے زمرے میں آتا ہے ۔مزید تفصیلات کے مطابق عمران خان کے بیان پر کنور محمد دلشاد نے این ڈی ایف کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں چیف الیکشن کمشنر سے عمران خان کے بیان پر از خود نوٹس کا مطالبہ کیا گیا جبکہ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو اس حوالے سے تفصیلی خط بھی لکھا جائے گا۔کنور دلشاد نے کہا کہ ووٹ خریدنے والا عوامی مفادات میں کام کرسکتا ہے اور نہ ہی ملک کا وفادار ہو سکتا ہے۔