لاہور(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ الیکشن اور سیاست میں ہار اور جیت جزوی نتیجہ ہوتا ہے حتمی نہیں ،ٹھنڈے دل و دماغ کے ساتھ لودھراں کے نتائج کا تجزیہ کریں گے اور انشاء اللہ نئے عزم و حوصلے اور بہترین حکمت عملی کے ساتھ دوبارہ میدان میں اتریں گے ،پی ٹی آئی نے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی کوشش کی پارٹی کارکن حوصلہ رکھیں انتخابی ہار پسپائی ہوتی ہے شکست نہیں ،ہم اُس کپتان کے سیاسی پیروکار ہیں جو کسی بھی قیمت پر
شکست نہ تسلیم کرنے کا قائل ہے اور جنہوں نے اپنی عملی جدوجہد سے ثابت کیا ہے کہ ہمت اور حوصلہ جوان ہو تو کچھ بھی نہ ممکن نہیں ۔عبدالعلیم خان نے اپنے تبصرے میں کہا کہ بڑے بڑے سیاسی پنڈت نواز شریف کی رخصتی نہ ممکن قرار دیتے تھے لیکن عمران خان کے سیاسی ویژن اور درست سمت میں جدوجہد نے اسے ممکن کر دکھایا ۔انہوں نے کہا کہ این اے154کے نتائج بتاتے ہیں کہ ن لیگ کی جیت سے زیادہ ہماری ہار ہوئی ہے اور ہم اس کا بار بار جائزہ لیں گے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کسی امیدوار کے خلاف نہیں بلکہ پنجاب حکومت اور ریاستی مشینری کے خلاف الیکشن لڑا ہے پھر بھی پی ٹی آئی کے ہر کارکن نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے البتہ ہم اپنی کامیابی کے بارے میں زیادہ پر امید تھے ۔انہوں نے کہا کہ جہانگیر خان ترین بہترین ایڈ منسٹریٹر ہی نہیں بلکہ اعلیٰ انسان بھی ہیں اور عوام ان سے دل و جان سے پیار کرتے ہیں ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ خاطر جمع رکھے چند ماہ کے بعد دوبارہ میدان لگے گا اور ہم پلٹ کا جھپٹنے کے اقبال کے فرمودات پر عمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی مضحکہ خیز ہے کہ نواز لیگ لودھراں کی سیٹ جیت کر نواز شریف کی کرپشن کا جواز پیش کر رہی ہے انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ عدالتوں کی طرف سے ہونے والی نا اہلی کسی طور بھی واپس نہیں ہو سکتی ۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ این اے154کے نتیجے پر بغلیں بجانے والے اپنی غلط فہمی دور کر لیں پی ٹی آئی کرپشن کے خلاف ملک کو فیصلہ کن موڑ پر لے آئی ہے اور وہ کسی طور پیچھے نہیں ہٹے گی ،انہوں نے کہا کہ کرپٹ ٹولے کا پیچھا جاری رکھیں گے اور لوٹی ہوئی دولت کا ایک ایک پیسہ واپس لائیں گے ۔