اسلام آباد (آئی این پی) گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے سرحد یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکاء کو ایک واقعہ سنا کر قہقہے لگانے پر مجبور کیا‘ انہوں نے کہا کہ ایک بار مجھے سابق صدر رفیق تارڑ ملے تو میں نے انہیں اپنا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ میں اقبال ظفر جھگڑا ہوں جس پر انہوں نے جواب دیا کہ مجھے رفیق صلح صفائی کہتے ہیں ۔ میرے نام کے ساتھ جھگڑا ضرور آتا ہے تاہم میں جھگڑے ختم کراتا ہوں۔ منگل کو گورنر نے سرحد یونیورسٹی کے کانووکیشن میں طالب علموں
کو 90کی دہائی کا ایک واقعہ سنا کر قہقہے لگانے پر مجبور کردیا۔ گورنر نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ 1997ء میں سینٹ کے انتخابات میں جب کاغذات نامزدگی میں نے جمع کرائے تو مجھے وہاں سابق صدر رفیق تارڑ ملے اور میں نے ان کو اپنا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ میں اقبال ظفر جھگڑا ہوں تو انہوں نے انتہائی شائستگی کے ساتھ جواب میں کہا کہ مجھے رفیق صلح صفائی کہتے ہیں۔ جس پر کنونشن سنٹر کے ہال میں بیٹھے تمام شرکاء نے زور دار قہقہہ لگایا۔ (ن غ/ آ چ)