اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ترمیمی) بل 2017ء اور فوجداری قانون (ترمیمی) بل 2017ء کی منظوری دیدی۔ منگل کو قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فوزیہ حمید نے تحریک پیش کی کہ پبلک سروس کمیشن (ترمیمی) بل 2017ء فی الفور زیر غور لایا جائے۔ ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بل کی تمام شقوں کی یکے بعد دیگرے منظوری حاصل کی۔ ڈاکٹر فوزیہ حمید نے تحریک پیش کی کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ترمیمی) بل 2017ء منظور کیا جائے۔
قومی اسمبلی نے اتفاق رائے سے بل کی منظوری دیدی۔اجلاس کے دور ان فوجداری قانون (ترمیمی) بل 2017ء کی منظوری دی گئی ۔ رکن قومی اسمبلی مسرت احمد زیب نے تحریک پیش کی کہ فوجداری قانون (ترمیمی) بل 2017ء زیر غور لایا جائے۔ تحریک کی منظوری کے بعد ڈپٹی سپیکر نے یکے بعد دیگرے بل کی تمام شقوں کی منظوری حاصل کی۔ مسرت احمد زیب نے تحریک پیش کی کہ فوجداری قانون (ترمیمی) بل 2017 منظور کیا جائے۔ قومی اسمبلی نے بل کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔اجلا س کے دور ان قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے 6 قواعد میں ترامیم منظور کر لی گئیں۔ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیشن کمار وینکوانی نے قاعدہ 52، قاعدہ 60 کے ذیلی قاعدہ (2)، قاعدہ 110، قاعدہ 118 کے ذیلی قاعدہ 103، قاعدہ 118 کے ذیلی قاعدہ 129، قاعدپ 198 کے ذیلی قاعدہ 2، قاعدہ 200 کے ذیلی قاعدہ 2، قاعدہ 200 کے ذیلی قاعدہ 4، قاعدہ 244 کے ذیلی قاعدہ 4 میں ترامیم منظور کرنے کی تحریک پیش کی۔ ایوان نے قواعد میں ترامیم کی منظوری دیدی۔اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی میں ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے اقدامات اٹھانے کی قرارداد کی منظوری دی ہے۔ جماعت اسلامی کے رکن صاحبزادہ محمد یعقوب خان نے قرارداد پیش کی کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ حکومت ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لئے اقدامات کرے۔
قرارداد کے حق میں انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی بڑھتی ہے، حکومت کو چاہیے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالے۔ قومی اسمبلی نے یہ قرارداد منظور کر لی۔