کراچی(آن لائن )سندھ ہائیکورٹ نے ایگزیکٹ کے اکاونٹس بحالی سے متعلق سیشن جج کے فیصلے کے خلاف شعیب شیخ کی اپیل عدم پیروی پر خارج کردی۔ ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو ایگزیکٹ کے اکاونٹس بحالی سے متعلق سیشن جج کے فیصلے کے خلاف شعیب شیخ کی اپیل کی سماعت ہوئی۔عدالت نے عدم پیروی پر درخواست خارج کردی۔ عدالت سے وکیل ایگزیکٹ شوکت حیات نے درخواست واپس لینے کی استدعا کی تھی۔ دائر اپیل میں اکاونٹس میں موجود سابقہ رقوم استعمال کرنے کے سیشن جج کے حکم کوکالعدم قرار
دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ سیشن عدالت نے ستمبر 2016 میں ایگزیکٹ کے تمام اکاونٹس بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے اکاونٹس کے ذریعہ ٹرانزیکشن کی اجازت دی تھی۔ عدالت نے اکاونٹس میں موجود سابقہ رقوم کیس کا فیصلہ ہونے تک استعمال نہیں کرنے کاحکم دیا تھا۔ ایف آئی اے نے ایکزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کو 25 مئی 2015 کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد شعیب شیخ سمیت دیگر پر جعلی ڈگری اور منی لانڈرنگ کے مقدمات قائم کیے گئے تھے۔ ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے تمام اکاونٹس فریز کردیے تھے۔