اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے حلقہ این اے 154 کے مارکے میں مسلم لیگ ن کی بھرپور کامیابی پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چکوال کی عوام کی طرح لودھراں کے عوام نے بھی سازشی عناصر کی سیاست کویکسر مسترد کرتے ہوئے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ لودھراں اور پاکستان کے عوام صرف اور صرف محمد نواز شریف کو ہی اپنا رہنما اور مسلم لیگ ن کو اپنی نمائندہ سیاسی جماعت سمجھتے ہیں ،
انہوں نے کہا کہ لودھراں میں مخالفین کی سینکڑوں سازشیں اور اربوں روپے کے وسائل بھی ان کو شرمناک شکست سے نہیں بچا سکے اور وہاں سے مسلم لیگ ن کے امیدوار کی فتح اس امر کی واضح عکاسی کر رہی ہے کہ مسلم لیگ ن اور محمد نواز شریف کو پاکستان کی سیاست سے کسی صورت میں بے دخل نہیں کیا جاسکتا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ متعد ضمنی انتخابات کے نتائج نے ثابت کیا ہے کہ سینکڑوں سازشوں، بے بنیاد الزامات ،پروپیگنڈے اور جانبدرانہ احتساب کا نشانہ بنانے کے باوجود محمد نواز شریف پاکستان کے عوام کے سب سے زیادہ چائے جانے والے سیاسی رہنما ہیں ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے یہ مقام پاکستان کی ترقی و خوشحالی سے متعلق اپنے وژن ، عزم اور عوام کی خدمت سے متعلق اپنے وعدوں کی تکمیل کے ذریعے حاصل کیا ہے اور انہوں نے اپنے طرز عمل سے بار بار ثابت کیا ہے کہ انہوں نے جو وعدہ عوام سے کیا وہ پورا کر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام 2013 کا پاکستان ہر گز نہیں بھول سکتے جب ہر طرف دہشت گردی ، معاشی بدحالی اور لوڈشیڈنگ کا دور دورہ تھا ،انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے عزم اور وژن کی بدولت نہ صرف ان بڑے بڑے چیلنجز پر قابو پایا بلکہ دفاع کی طرح پاکستان کی معشیت کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے سی پیک جیسے عظیم و شان منصوبے سے بھی روشناس کرایا جس پر آج تیزی سے کام جاری ہے اور جو پاکستان کے لیے ایک گیم چینجر منصوبہ تصور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر تا کراچی پاکستان کے عوام محمد نواز شریف کے ساتھ ہیں اور وہ اپنے ووٹ کی طاقت سے بار بات ثابت کر رہے ہیں کہ وہ نواز شریف کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن سمجھتے ہیں جس کا اظہار انہوں نے آج بھی لودھراں کے ضمنی انتخاب میں کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ آ ج کا نتیجہ درحقیقت 2018 کے انتخابات کی بڑے کھلے انداز میں عکاسی اور پیشن گوئی کر رہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور محمد نواز شریف ہی ایک بار پھر بھرپور انداز میں کامیاب ہو کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کریں گے ۔