اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حیدر آباد میں ٹنڈو محمد خان بدین روڈ پر ٹریفک کا خوفناک حادثہ، 9خواتین سمیت 11افراد جاں بحق، 3شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق حیدر آباد میں ٹنڈو محمد خان بدین روڈ پر ٹریفک کے خوفناک حادثے میں 9خواتین سمیت 11افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ حادثے کے نتیجے میں 3افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثہ مسافر بردار سوزوکی اور ڈمپر کے
درمیان اس وقت پیش آیا جب سوزوکی ڈرائیور نے ایک ٹریکٹر ٹرالی کو اوور ٹیک کرنے کی کوشش کی اور اسی دوران سامنے سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر کی زد میں آگئی۔ حادثے کے بعد ڈمپر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی خواتین ایک نجی فیکٹری میں ملازمت کرتی تھیں جو کہ ڈیوٹی کیلئے جا رہی تھیں۔ لاشیں ہسپتال پہنچنے پر قیامت صغریٰ کا منظر سامنے آگیا جہاں لواحقین اپنے پیاروں کی لاشیں دیکھ کر ہوش و حواس کھو بیٹھے۔ وزیر داخلہ سندھ انور سیال نے حادثے سے متعلق فوری طور پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیدیا ہے۔واضح رہے کہ اس سڑک پر اس سے قبل بھی حادثات پیش آتے رہے ہیں جس کی وجہ تیز رفتاری اور تنگ سڑک بتائے جاتے ہیں۔ سنگل سڑک کی وجہ سے اس سڑک کو خونی سڑک بھی قرار دیا جا تا ہے۔پولیس نے حادثے کا باعث بننے والے ڈمپر کے مالک کیلئے مختلف جگہوں پر چھاپے مارنا شروع کر دئیے ہیں جبکہ ڈمپر کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔