لاہور ( این این آئی) شہر میں ہونے والی بارش کی وجہ سے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )کے تین سو سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔تفصیلات کے مطابق شہر میں وقفے وقفے سے جاری بارش کی وجہ سے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا بجلی کی ترسیل کا نظام بھی متاثر ہوا، لیسکو ریجن میں مجموعی طور پر تین سو سے زائد
فیڈرز ڈیڈ شارٹ ہوئے جس میں سے دو سو فیڈرز سے بجلی بحال کی گئی تاہم سو فیڈرز سے گھنٹوں بجلی بند رہی۔بجلی بندش کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، فیڈر ٹرپ ہونے کی وجہ سے باٹا پور، ایمپریس روڈ، ایبٹ روڈ، جوہر ٹاون، ٹاون شپ، گرین ٹاون، گڑھی شاہو، بادامی باغ، شادمان،اچھرہ، سبزہ زار، ہنجروال، ملتان روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ اور گلبرگ کے مختلف علاقوں میں بجلی بند رہی۔