اسلام آباد(آن لائن) پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر وزارت پٹرولیم نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جواب جمع کرا دیا،جبکہ عدالت نے وزارت خزانہ اور اوگرا کو جواب جمع کرانے کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کر دیا۔سوموار کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی عدالت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔
وزارت پیٹرولیم نے قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے جواب عدالت میں جمع کروایا جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی کے ریٹس کی بنیاد پر بڑھا ئی جاتی ہیں،ملک میں پٹرول کی قیمت اب بھی بنگلہ دیش، سری لنکا، اور بھارت سے کم ہے، مارچ 2017 میں پٹرول کی درآمدی قیمت 43 روپے لیٹر جبکہ پاکستان میں 74 روپے تھی، وزارت خزانہ اور اوگرا کی جانب سے جواب داخل کرانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت طلب کر لی ہے ،عدالت نے اوگرا اور وزارت خزانہ کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب داخل کرنے کا حکم دیاہے ،عدالت نے مذید سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔