لاہور(اے این این)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اگلے ماہ شہباز شریف بھی مجھے کیوں نکالا کہتا سنائی دے گا۔ نواز شریف اپنی ذات کا قیدی بن چکا ہے اور خود کو ریاست سے بڑا سمجھنے کے خبط میں مبتلا ہے۔ بہت سے ن لیگی پارٹی چھوڑنے کے لئے حکومت کی مدت ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔ ن لیگ فصلی بٹیروں کی جماعت ہے۔ بیرحم احتساب نہ ہوا تو خونی انقلاب آئے گا۔
احتساب اور انصاف کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ماضی میں این آر او کے ذریعے کرپشن کو تحفظ دیا گیا۔ ملکی بقا اور خوشحالی کے لئے کرپٹ افراد کا بے لاگ احتساب ناگزیر ہے۔ پنجاب حکومت نیب سے تعاون نہ کر کے اپنی کرپشن چھپانا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ انوار مدینہ میں سنی اتحاد کونسل کے صوبائی صدور اور جنرل سیکریٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ظلم اور جرم کی سیاست ختم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ن لیگ نے نوٹوں اور لوٹوں کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے۔ ایم کیو ایم والوں کے رونے اور ہنسنے کے ڈرامے اب نہیں چلیں گے۔ آئندہ الیکشن میں نئی دیانتدار اور باصلاحیت قیادت سامنے آئے گی۔ باریوں کی سیاست نے ملک تباہ کر دیا ہے۔ قوم نے ایک بار ووٹ کا درست استعمال کر لیا تو ملک ہمیشہ کے لئے ٹھیک ہو جائے گا۔ سیاست کو کمائی کا ذریعہ بنانے والوں نے سیاست کو آلودہ کر دیا ہے۔ سیاست میں بھل صفائی کی ضرورت ہے۔ آل شریف کی بادشاہت کے خاتمے کا وقت قریب ہے۔ ن لیگ کرسی اور کمیشن کی سیاست کی علمبردار ہے۔