لاہور( این این آئی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پنجاب میں پولیس مقابلوں پر از خود نوٹس لے لیا ۔چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مفاد عامہ سے متعلق از خود نوٹسز کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے پنجاب میں ہونے والے پولیس مقابلوں کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے ایک سال میں ہونے والے پولیس مقابلوں کی جامع رپورٹ طلب کر لی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ رپورٹ دیں کہ ایک
سال میں کتنے پولیس مقابلے ہوئے ، ان میں کتنے لوگ مارے گئے اور کتنے پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔آئی جی پنجاب کی جانب سے استدعا کی گئی کہ انہیں تمام مقابلوں کی رپورٹ جمع کروانے کے لیے 10 روز کا وقت دیا جائے جس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ کو تو ان تمام مقابلوں کا علم فنگر ٹپس پر ہونا چاہیے۔بعدِ ازاں عدالت نے آئی جی پنجاب کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سات روز کے اندر پولیس مقابلوں کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔