اسلام آباد (این این آئی)آئندہ 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خیبر پختونخواہ، فاٹا، بالائی پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور ڈویژن ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوئٹہ، ملتان، ساہیوال ،ژوب، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
ہفتہ کو محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق اتوار اور سوموار کو خیبر پختونخواہ، فاٹا، بالائی پنجاب کے علاقوں راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور ڈویژن، اسلام آباد،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اتوار کو کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن،کشمیر،گلگت بلتستان، مری اور گلیات میں برف باری کا بھی امکان ہے۔ ہفتہ کو ریکارڈ کئے گئے سرد ترین مقامات میں سکردو کا درجہ حرارت منفی 6، استور منفی 5، کالام،گوپس، قلات، پارہ چنار میں منفی 4 رہا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ تاہم مالاکنڈ، بنوں،کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور برفباری ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا کے علاقے دیرمیں 3، بنوں 2،بلوچستان کے علاقوں ژوب میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ زیارت میں 2 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔