شیخوپورہ(آن لائن) مسلم لیگ(ن) نے 18 فروری کو شیخوپورہ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کے لئے شیخوپورہ کی واحد تفریح گاہ کو اجاڑ دیا ہے ۔ کروڑوں روپے لاگت سے تیار ہونے والے پارک کو خراب ہونے سے بچانے کے لئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اسی مقام پر جلسہ کی اجازت نہیں دی گئی تھی لیکن چیئرمین بلدیہ شیخوپورہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کے جلسے کے لئے سیاسی جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارک کے درو دیوار گرانے کے ساتھ بڑی تعداد میں درخت کاٹ کر اسے تباہ و برباد کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف 18 فروری کو شیخوپورہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے لیکن ان کا سیاسی طاقت کا یہ مظاہرہ شیخوپورہ کی واحد تفریح گاہ کے لئے تباہی کا باعث بن چکا ہے جہاں چیئرمین بلدیہ شیخوپورہ کے حکم پر پارک کی دیواریں گرانے کے ساتھ ساتھ بڑی تعدادمیں درخت کاٹ کر پنڈال سجانے کی تیاری کر لی گئی ہے شہریوں نے چیئرمین بلدیہ کے اس اقدام پر افسران بالا اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کر کے قومی خزانے کے نقصان کا ان کی جیب سے ازالہ کیا جائے اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اسی مقام پر جسلہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی لیکن نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی اجازت دے کر چیئرمین بلدیہ شیخوپورہ نے سیاسی جانبداری کا مظاہرہ کیا ہے ۔