کراچی(این این آئی) ترجمان الیکشن کمیشن ہارون شنواری نے کہا ہے کہ انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ جمع کروانے کے سلسلے میں متعلقہ پارٹی کے آئین سمیت تین چیزوں کو دیکھا جائے گا۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر الیکشن ایکٹ 2017، الیکشن قوانین 2017 اور پارٹی کے آئین کو دیکھا جائیگا۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا لازمی نہیں کہ پارٹی سربراہ ہی ٹکٹ دے جس کے جواب میں ہارون شنواری نے کہا کہ پارٹی کے آئین کو دیکھا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ اگر ریٹرننگ افسر مطمئن نہ ہو تو معاملہ دوسرے فورم لے جایا جاتا ہے جہاں ایسے معاملے کو حل کیا جائے گا۔عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن کی تنبیہ کے باوجود جلسے میں شرکت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور اس حوالے سے کارروائی کی جائے گی۔