لاہور (ا ین این آئی) پنجاب میں پی اے ایس ، پی ایم ایس اور پی سی ایس افسران کو اصل تنخواہ کے علاوہ ایگزیکٹیو الاؤنس دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ،محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے سمری منظوری کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی۔محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی طرف سے بھجوائی گئی سمری کے مطابق پنجاب میں تعینات پی اے ایس افسران، پی ایم ایس اور پی سی ایس افسران کو صوبہ خیبر پختونخواہ کے افسران کی طرز پر ایگزیکٹیو الانس دیا جائے۔ گریڈ 17کے افسر کو
اصل تنخواہ کے علاوہ 45550روپے ماہانہ، گریڈ 18کے افسر کو 57525روپے ماہانہ، گریڈ 19کے افسران کو 88815روپے ماہانہ، 20ویں گریڈ افسران کو 1لاکھ 3665روپے ماہانہ اور گریڈ 21کے افسران کو 115000روپے ماہانہ ایگزیکٹیو الاؤنس دیا جائے۔سمری میں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے موقف اختیار کیا ہے کہ پنجاب میں افسران کی پہلے ہی کمی ہے۔ خیبر پختونخواہ کے پیکیج کے بعد پنجاب میں مزید افسران آنا پسند نہیں کریں گے جس سے مزید افسران کی کمی ہو جائے گی۔