اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی سما نیوز کی رپورٹ کے مطابق زینب قتل کیس کی آج سماعت جیل میں ہوئی۔ قصور میں ننھی زینب اور دیگر بچیوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم سیریل کلر عمران خان نے جج کے سامنے اپنا جرم ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ میرے موکل عمران نے صحت جرم سے انکار کر دیا ہے ، شہباز شریف کے کہنے پر کسی کو سزا نہیں دی جا سکتی۔ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران کے بری ہونے کے قوی امکانات ہیں اور وہ جلد ہی بری ہو جائے گا۔قانون میں ڈی این اے
ٹیسٹ کی کوئی حیثیت نہیں، عمران مجرم نہیں اس کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود نہیں ہیں۔ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پراسیکیوشن سے پوچھا کہ ملزم کے جرم کے حوالے سے آپ کے پاس کوئی ثبوت ہے ؟ جس پر پراسیکیوشن نے 6ثبوتوں کا ذکر کیا جن میں ڈی این اے رپورٹ، پولی گرافک ٹیسٹ،میڈیکل رپورٹ، سی سی ٹی وی فوٹیج اور ملزم سے کپڑوں کی برآمدگی شامل ہیں۔ عدالت نے پراسیکیوشن سے سوال کیا کہ کیا ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے جس پر پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ ملزم نے اعتراف جرم نہیں کیا۔