اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لودھراں ضمنی الیکشن، پیسے دیکر ووٹ خریدے جا رہے ہیں، تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے جہانگیر ترین پر سنگین ترین الزامات عائد کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین پر سنگین ترین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ لودھراں میں ضمنی الیکشن کیلئے
جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین ہزاروں روپے دے کر ووٹ خرید رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تینوں بڑی سیاسی پارٹیاں سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کی پارٹیاں بن چکیں، سونے کا چمچ منہ میں لیکر پیدا ہونے والے لیڈروں کا دور اب ختم ہو رہا ہے۔ عائشہ گلالئی نے یہ بات مظفر گڑھ میں جمشید دستی سے ان کے گھر جا کر ان کی بہن کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف روایتی سیاست کر رہی ہے اور سینٹ الیکشن میں بھی سرمایہ داروں کو ٹکٹ دئیے گئے۔خیال رہے کہ عائشہ گلالئی اس وقت پنجاب میں اپنی تنظیم گلالئی کی تنظیم سازی کے سلسلے میں جنوبی پنجاب کے دورے پر ہیں ۔ عائشہ گلالئی نے اس موقع پر کسانوں اور کاشتکاروں کیلئے بھی آواز اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔عائشہ گلالئی سے متعلق بتایا جارہا ہے کہ وہ اپنی تنظیم کی تنظیم سازی کے سلسلے میں اس وقت متحرک ہیں اور پنجاب سے انہیں ایک بہت بڑی تعداد میں عوام کی جانب سے مثبت ردعمل بھی مل چکا ہے ۔ حالیہ دنوں میں انہوں نے پنجاب میں ایک کامیاب جلسہ بھی کیا ہے، سیاسی پنڈت گلالئی کی پنجاب میں پذیرائی کو تحریک انصاف کیلئے مشکلات سے بھی تعبیر کر رہے ہیں۔