اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ملاوٹ زدہ اور مہنگا دودھ، دودھ بائیکاٹ کیلئے تین روزہ مہم کا آغاز کل سے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ملاوٹ زیادہ اور مہنگے نرخوں پر ملنے والے کھلے دودھ کے خلاف کل سے تین روزہ مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دودھ میں ملاوٹ اور مہنگے داموں دودھ کے خلاف تین دن تک بائیکاٹ مہم چلائیں ، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تین دن تک دودھ نہ خریدیں۔ شہریوں کا اس بائیکاٹ مہم سے متعلق موقف ہے کہ اشیائے
خوردونوش کی قیمتوں میں کمی اور ان کے معیار کے حوالے سے حکومت ذمہ دار ہے مگر حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے لہٰذا شہری اپنے مسائل کیلئے خود کھڑے ہونے کا حق رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پھلوں کی قیمت میں ہوشربا اضافے کے خلاف پاکستان بھر میں شہریوں نے پھلوں کا تین روزہ بائیکاٹ کیا تھا جس کے بعد پھلوں کی قیمتوں میں کمی واقع ہو گئی تھی۔ اب سوشل میڈیا کے ذریعے دودھ میں ملاوٹ اور مہنگے داموں ملنے پر اس کے تین روزہ بائیکاٹ کی مہم کیلئے اپیل کر دی گئی ہے۔