اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس نے افریقی ملک نائیجیریا کا قرض ادا کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے افریقی ملک نائیجیریا کا وہ تمام قرض اتارنے کا اعلان کیا ہے جو اس نے جاپان سے پولیو کے خلاف جنگ کیلئے لیا تھا ۔ اس قرض کا کل حجم 1.7کروڑ ڈالر ہے جو پاکستانی روپے میں تقریباََ 8ارب روپےبنتے ہیں۔ بل گیٹس اور ان کی اہلیہ
ملنڈا کا کہنا ہے کہ اس قرض کی ادائیگی بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن اگلے 20 سال کے دوران کرے گی اور ادائیگی کا آغاز اسی سال ہوجائے گا۔ نائیجیریا نے یہ قرض 2014ءمیں جاپانی حکومت کی اوورسیز ڈویلپمنٹ اسسٹنس سکیم کے تحت لیا تھا۔ گیٹس فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ نائیجیریا نے ملک کے 80 فیصد سے زائد حصوں میں پولیو ویکسینیشن کا ہدف مکمل کرلیا ہے جس پر گیٹس فاؤنڈیشن اس کا قرض اپنے ذمہ لینے کا اعلان کرتی ہے۔