اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) انڈونیشیا میں قید بے گناہ پاکستانی شہری ذوالفقار کی وطن واپسی کی امید پیدا ہوگئی۔ جمعرات کے روز وزیر خارجہ خواجہ آصف نے نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انڈونیشیا میں گزشتہ 14 برس سے قید پاکستانی شہری ذوالفقار کے معاملے سے آگاہ ہیں، انڈونیشیا کے صدر پاکستان آرہے ہیں اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ذوالفقار کی
وطن واپسی کے لیے انڈونیشیا کے صدر سے بات کریں گے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ذوالفقار کی واپسی کا مطالبہ کریں گے امید ہے کہ انڈونیشیا کے صدر بات مان لیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستانی شہری ذوالفقار گزشتہ 14 سال سے انڈونیشیا میں قید ہے، جو کینسر کا مریض بن چکا ہے، ذوالفقار کو لاحق کینسر چوتھے درجے کا ہے جس سے وہ صرف 3 ماہ تک مزید زندہ رہ سکتا ہے۔