کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) جعلی مقابلوں کا سٹیج سجانے کیلئے سامان کباڑیوں سے لینے کا انکشاف ہوا ہے،ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزم ناز میر کی نشاندہی پر مال بیچنے والے 6 افراد سہراب گوٹھ سے گرفتار کر لئے گئے۔نقیب اللہ قتل کیس میں تحقیقات کے دوران نت نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔ ایس ایس پی راؤ انوار اور ان کی ٹیم کی جانب سے مقابلوں کے لئے استعمال کئے گئے خالی مکانوں کو مارے جانے والے مبینہ دہشتگردوں کی رہائشگاہ ثابت کرنے کے لئے
سامان کباڑیوں سے حاصل کیا جاتا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم نے سہراب گوٹھ کباڑی مارکیٹ سے 6 دکانداروں کو حراست میں لیا ہے جن کی نشاندہی ناز میر عرف نازک کی جانب سے گئی۔تفتیشی حکام کے مطابق، زیرحراست دکانداروں سے پولیس کو دیئے گئے پرانے فرنیچر، برتن اور مختلف نوعیت کے گھریلو سامان سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زیرحراست دکانداروں کی نشاندہی پر پولیس کے بعض فرنٹ مینوں اور اہلکاروں کو بھی حراست میں لیا جا سکتا ہے۔