اٹک(این این آئی) ملک میں کم سن بچوں سے زیادتی کے بڑھتے واقعات پر پولیس نے آگاہی مہم کا آغاز کردیا۔منگل کو میڈیا رپورٹ کے مطابق بچوں سے زیادتی کے بڑھتے واقعات خصوصا زینب قتل کیس کے بعد پولیس نے بچوں اور والدین میں شعور بیدار کرنے کیلئے حفاظتی تدابیر پر مشتمل ایک آگاہی مہم شروع کی ہے جس میں مشورے اور تجاویز دی گئی ہیں۔ مراسلے میں بچوں کو قرآن و حدیث کی تعلیمات پر خصوصی توجہ دینے اور نماز کی پابندی کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔اٹک پولیس نے سانحہ قصور کے
تناظر میں تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور والدین کو آگاہی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بچوں کے حقیقی بہن بھائیوں کے علاوہ کسی سے زیادہ راہ و رسم نہ بڑھائی جائے، چھوٹے بچوں کو جنسی ہراسانی سے بچنے کیلئے مخصوص طریقہ سے تعلیم دی جائے، بچوں کو پابند کیا جائے کہ اجنبی شخص کے سامنے نہانے، کپڑے تبدیل کرنے سے اجتناب کریں، اجنبی اشخاص میں چوکیدار، ڈرائیور، اسکول پرنسپل اور دیگر اشخاص بھی ہو سکتے ہیں۔رہنما ہدایات کے مطابق اسکول ٹیوٹر ، ٹیوشن ٹیوٹر، قاری صاحب، ڈرائیوروں پر بھروسہ نہ کیا جائے، اس کے علاوہ بچوں کو بریف کیا جائے کہ کسی بھی مرد کزن کے ساتھ تنہائی میں نہ بیٹھا جائے۔