اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا اور ذرائع کے مطابق اجلاس میں سینیٹ انتخابات اور عام انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن سیل، پارلیمانی بورڈ اور میڈیا سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پارلیمانی بورڈ کی سربراہی نواز شریف خود کریں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ بورڈ میں چاروں صوبائی صدور، پارٹی چئیرمین سمیت 20 ارکان ہوں گے، پارلیمانی بورڈ امیدواروں کا جائزہ لے گا اور ٹکٹوں کی تقسیم کا فیصلہ کرے گا۔اس کے علاوہ پرویز رشید کی سربراہی میں میڈیا سیل بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ میڈیا سیل حکومت کے 5 سالہ ترقیاتی منصوبوں کی تشہری مہم چلائے گا۔ذرائع کے مطابق الیکشن سیل آئندہ کے عام انتخابات اور سینیٹ الیکشن کے عمل کی نگرانی کرے گا۔