اسلام آباد(این این آئی)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میرے استعفے دینے یا نہ دینے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ اب تو میرا استعفیٰ مریل اور بے جان ہوچکا ہے۔ منگل کو پریس کانفرنس کے دوران عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ سیاست کرتا ہوں بدمعاشی نہیں،
حکومت جو کام میرے خلاف کرے گی وہ ان کے سامنے آئیں گے۔ بلاول خود کہتا ہےوہ میرا فین ہے اور میں انہیں کہتا ہوں کہ میں ان کا فین ہوں، دکھ ہوا کہ چوہدری نثار پرویز رشید کے ہاتھوں ذلیل ہوئے، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ چوہدری نثار پرویز رشید سے ذلیل ہوں گے۔شیخ رشیداحمد نے کہا کہ میرے استعفے دینے یا نہ دینے سے کوئی فرق نہیں پڑیگا ٗ اب تو میرا استعفیٰ مریل اور بے جان ہوچکا ہے، میں استعفیٰ دینے کیلئے اب بھی تیار ہوں لیکن عمران خان نے مجھے ایک ہفتہ تک استعفیٰ دینے سے روک رکھا ہے، میں عمران خان کی ہدایت پر دبئی فنڈ ریزنگ کیلئے گیا تھا، میرے دبئی جانے پر شور مچایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ اندھوں کو بھی پتا ہے آشیانہ اسکیم کس کی ہے، آج برملا کہتا ہوں شہباز شریف نواز شریف سے بڑے چور ہیں، یہاں دو، دو ارب ایسے کھائے جاتے ہیں جیسے پیسے نہیں ریوڑیاں ہوں۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ نواز شریف کبھی نہیں چاہتے حسین حقانی کو سزا ہو، خورشید شاہ جیسے انسان نے آج چیف جسٹس کو للکارا، کیا پدی اور کیا پدی کا شوربا جب کہ ایل این جی کا کیس 15 فروری سے پہلے لگ جائے گا۔