کراچی(این این آئی)نیب نے سابق ڈی جی ریلوے جی ایم قریشی کے خلاف تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔تحقیقات میں جی ایم قریشی کی 80کروڑ سے زائد مالیت کے بنگلوں سمیت اربوں روپے کی املاک کا پتہ لگالیا گیاہے۔تفصیلات
کے مطابق کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف نیب کا گھیرا تنگ ہونے لگا ہے۔کرپشن میں چاہے سرکاری محکموں کے اعلی افسران ملوث ہو یا نجی کمپنی کے افراد نیب کی تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں۔ نیب نے محکمہ ریلوے میں ہونے والی مبینہ کرپشن کا پتہ لگالیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی ریلوے جی ایم قریشی کے خلاف تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں۔ ان کے صرف کراچی میں 80 کروڑ سے زائد مالیت کے بنگلوں سمیت اربوں رپے کی املاک کا پتہ لگالیا گیا ہے۔اس ضمن میں نیب ذرائع نے بتایاکہ سابق ڈی جی ریلوے جی ایم قریشی نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے ہیں ان کے خلاف ریفرنس تیاری کے مرحلے میں ہے۔ ریفرنس تیار ہوتے ہی سابق ڈی جی ریلوے کو گرفتار بھی کیا جاسکتا ہے۔ سابق ڈی جی ریلوے جی ایم قریشی کے ڈیفنس میں اسی کروڑ سے زائد مالیت کے چھ بنگلے، پلاٹ اور دیگر اثاثے ہیں۔دوسری جانب جی ایم قریشی نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ املاک غیر قانونی طریقے سے کمائی گئی رقم سے نہیں بلکہ ان کے بیٹے کی جانب سے دی گئی رقم سے خریدی گئی ہیں۔