اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)زینب قتل کیس میں انصاف کے حصول کیلئے آواز بلند کرنے والے سکول اور کالجز کے ٹیچرز اور طلبہ انتظامیہ کی ہٹ لسٹ پر آگئے، ڈی سی قصور نے سکولوں کے لائسنس منسوخ کرنے کیدھمکی دیدی، اطلاع ملنے پر تمام سکولز کے مالکان میں غم و غصہ کی لہر پھیل گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے موقر قومی اخبار کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے
کہ زینب قتل کیس میں انصاف کے حصول کیلئے آواز بلند کرنے والے اور سب سے زیادہ متحرک سکول اور کالجز کے ٹیچرز اور طلبہ کو انتظامیہ نے ہٹ لسٹ پر رکھ لیا ہے ۔ ڈی سی قصور نے خاموش نہ رہنے والے سکول اور کالجز کے ٹیچرز اور طلبہ کے سکولوں اور کالجز کے لائسنس منسوخ کرنے کی دھمکی دی ہے جس پر اطلاع ملنے پر سکولز مالکان میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ قصور شہر میں ایک بار پھر ڈی سی اور پولیس افسران کے روئیے کی بدولت کسی بھی وقت احتجاج کی آگ دوبارہ بھڑک سکتی ہے جس پر قابو پانا انتظامیہ کے بس کی بات نہ ہو گی۔ ایک طرف تو وزیراعلیٰ پنجاب زینب قتل کیس کوجلد از جلد حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور اس حوالے سے پولیس اور تحقیقاتی اداروں کو خصوصی ہدایات دے چکے ہیں جبکہ دوسری جانب زینب اور دیگر بچیوں کے اندوہناک قتل کے بعد غم و غصہ میں بھرے قصور کے شہریوں کے ساتھ انتظامیہ کا رویہ ایک بار پھر کسی بڑے سانحے کی طرف شہر کو لے جاتا محسوس ہو رہا ہے۔واضح رہے کہ نجی ٹی وی دنیانیوز کی رپورٹ میں پولیس نے آج بھی ایک مشتبہ شخص کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مشتبہ جان کر گرفتار کیا ہے تاہم تاحال پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے زینب قتل کیس میں ملزم کی گرفتاری کے حوالے کوئی باقاعدہ اعلان سامنے نہیں آسکا۔