حیدرآباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما پارلیمنٹ کوگالیاں اور لعنت دیتے ہیں، جن لوگو ں نے پی ٹی آئی کو چنا وہ انہیں ہی لعنت دیتے ہیں ، یہ بات درست ہے کہ پی ٹی آئی کی سندھ میں کوئی حیثیت نہیں ۔ حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی قادری صاحب کے ساتھ یکجہتی دکھا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی ماضی میں اتحاد بناتی تھی
اسے اب الائنس کی ضرورت نہیں ہے۔ سراج درانی نے کہا کہ ایک زمانے میں شیخ رشید نے کلاشنکوف اٹھائی تھی جب اس پر مقدمہ درج ہوا تو کہنے لگا کہ پلاسٹک کی ہے ،ایسے آدمی کی زبان پر کیا یقین کریں گے وہ خود کو میڈیا میں زندہ رکھنے کیلئے ایسی باتیں کرتا ہے اور آجکل شیخ رشید نے عمران خان کا سہارا لیا ہوا ہے۔سراج درانی نے نقیب اللہ معاملہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پیپلز پارٹی راؤ انوار کو بچانا چاہتی ہے۔