لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی اور نادرہ کے ساتھ معاہدہ طے پائے گا جس سے صارفین نادرہ کے 3700 ای سہولت مراکز سے ریکارڈ کی فرد حاصل کر سکیں گے۔ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی نادرہ کو لینڈ ریکارڈ ڈیٹا تک رسائی فراہم کرے گی۔ نادرہ سہولت سے
مالکان اراضی اور عوام الناس کے لیے فرد برائے ریکارڈ کا حصول انتہائی آسان ہو جائے گا۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) ظفر کا کہنا تھا کہ معاہدہ طے پانے کے بعد پنجاب بھر میں پھیلے نادرہ کے 3700 ای سہولت مراکز پر یہ سہولت میسر ہو گی جس کے بعد لوگوں کو فردبرائے ریکارڈ کے حصول کیلئے اراضی ریکارڈسنٹرز پر جانے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ اس سے پہلے فرد کے حصول کیلئے ضلع یا تحصیل کی سطح پر قائم اراضی ریکارڈ سنٹر پر جانا پڑتا تھا جبکہ اس معاہدے کی بدولت لوگ اپنے شہر ، قصبے ،گاوں،اور گلی محلوں میں قائم ای سہولت مراکز سے فرد کے حصول کی سروس حاصل کر سکیں گے۔حکومت پنجاب کے ویژنکے عین مطابق قطار اور انتظار کے کلچر کا خاتمہ ہو گا اورپنجاب کے طول عرض میں پھیلے نادرہ کے ای سہولت مراکز سے اس سروس کا آغاز سے لوگوں کے قیمتی وقت اور سرمایے کی بچت ہو گی۔پنجاب لینڈریکارڈز اتھارٹی کے سنٹرلائزڈ نظام کی بدولت فرد کا حصول اپنی متعلقہ تحصیل کے علاوہ بھی پنجاب کے کسی بھی نادرہ ای سہولت مرکز سے ممکن ہو گا۔